کولکاتہ ۔ 27 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر فاسٹ بولر محمد سمیع کی ابتداء میں امریکی ویزا درخواست مسترد کردی گئی تھی جس کے بعد بی سی سی آئی نے اس معاملے میں امریکی ایمبیسی سے رجوع ہوتے ہوئے معاملے کو نہ صرف ختم کیا بلکہ اپنے فاسٹ بولر کیلئے ویزا بھی حاصل کرلیا ۔ بی سی سی آئی ذرائع کے بموجب محمد سمیع کی ویزا کیلئے ابتداء میں درخواست اس لئے مسترد کردی گئی تھی کیونکہ پولیس میں ان کے خلاف بیوی حسین جہاں کی شکایت درج ہے ۔ پولیس ریکارڈ کی وجہ سے محمد سمیع کو ویزا نہیں دیا جارہا تھا جس کے بعد بی سی سی آئی نے امریکی سفارتخانہ سے رجوع ہوتے ہوئے محمد سمیع کی حمایت کی اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیلئے ان کی خدمات کا تذکرہ بھی کیا اور کارناموں کے ریکارڈس کے علاوہ پولیس میں موجود شکایت کی نوعیت کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جس کے بعد محمد سمیع کو امریکہ کا ویزا ملا ۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کو امریکی ویزے اس لئے حاصل کئے جارہے ہیں کیونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹوئنٹی۔20 مقابلوں کی سیریز کے ابتدائی دو میچس امریکہ میں کھیلے جارہے ہیں ۔ امریکی دورے کیلئے ہندوستانی کھلاڑیوں کو پی ون زمرے کے تحت ویزے جاری کئے گئے ہیں جو دراصل کھلاڑیوں کی بیرونی ٹیم کا زمرہ ہے بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کی شرط پر کہا کہ ابتداء میں محمد سمیع کی درخواست مسترد کردی گئی تھی کیونکہ ان کے خلاف پولیس کا توثیق نامہ نامکمل تھا لیکن مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے بعد یہ مسئلہ حل کیا گیا ہے ۔ جب محمد سمیع کی درخواست مسترد کردی گئی تو بی سی سی آئی کے سی ای او رراہول جوہری نے ایک مکتوب جو درخواست کی نوعیت کا تھا تحریر کرتے ہوئے اس میں نہ صرف محمد سمیع کے کارناموں بلکہ امریکہ کے ان کے دورہ کی وجہ بھی بتائی ۔ یاد رہے 2018 ء کی ابتداء میں محمد سمیع کے خلاف ان کی اہلیہ حسین جہاں نے گھریلو تشدد کے علاوہ ان پر دیگر خواتین سے تعلقات کی شکایت کرتے ہوئے کولکاتہ پولیس میں مقدمہ درج کیا تھا جبکہ ایک عدالت میں طلاق کا ایک مقدمہ بھی زیردوراں ہے ۔
گیل کی ویسٹ انڈیز ٹیم میں شمولیت
جمائیکا ۔27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) اوپنر کرس گیل کو ہندوستان کے خلاف تین ونڈے میچوں کی سیریز کے لئے ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔دونوں ملکوں کے درمیان ونڈے سیریز 8 تا 14 اگست تک کھیلی جائے گی۔اوپنر جان کیمپ بیل، روسٹن چیس اور آل راونڈر کیمو پاول کی بھی 14رکنی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ کرس گیل نے مارچ میں انگلینڈ کے خلاف سیریز سے پہلے کہا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد سبکدوشی کا سوچ رہے ہیں تاہم انہوں نے ٹورنمنٹ کے دوران فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے ہندوستان کے خلاف سیریز کے لئے اپنی دستیابی کا اعلان کیا تھا۔ کرس گیل نے ونڈے میں مجموعی طور پر 393 10رنز بنائے ہیں اورانہیں لاراکے ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ 10405رنز کا ریکارڈ توڑنے کے لئے صرف 13 رنز درکار ہیں۔