ڈھاکہ: پاکستان کے خلاف اسی کی سرزمین پر 2۔0 کی تاریخی فتح میں اپنی شاندار کارکردگی کے ساتھ فوری اثر ڈالنے والے بنگلہ دیش کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر ناہید رانا نے اب ہندوستان کے خلاف آئندہ ہونے والی ٹسٹ سیریز پر نظریں جما لی ہیں۔21 سالہ نوجوان فاسٹ بولر نے مستقل طور پر150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے بولنگ کی ہے اور خاص طور پر راولپنڈی میں آخری ٹسٹ کی دوسری اننگز میں بہترین مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے ہیں جہاں انہوں نے 4/44 کے اعدادوشمار حاصل کیے جب بنگلہ دیش نے تاریخی کلین سویپ کیا۔ رانا نے بنگلہ دیش کرکٹ کی جانب سے ایکس پر ایک ویڈیو میں کہا ظاہر ہے کہ ہم ہندوستان کی سیریزکے لیے اچھی طرح سے تیار ہیں۔ ہم نے ٹریننگ شروع کردی ہے۔ ہم جتنا زیادہ تیار ہوں گے، ہم میچوں کے دوران اتنا ہی بہتر ہوں گے۔