حیدرآباد۔/30 جون، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں اسٹریٹ فوڈ استعمال کرنے والوں کی کمی نہیں بلکہ اسٹریٹ فوڈ کا استعمال کرنے والوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ایسے شہری جو سڑک کے کنارے بازاروں اور گلی کوچوں اور تفریحی مقامات پر کھانے کی اشیاء کا استعمال کرتے ہیں انہیں یہ بات جان کر حیرت ہی نہیں بلکہ خوف ہوگا کہ پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کرلیا جو خنزیر کی چربی کا تیل فاسٹ فوڈ سنٹرز کو فروخت کررہا تھا۔ خنزیر کی چربی سے تیار کردہ تیل کو فاسٹ فوڈ سنٹرس پر فروخت کرنے کے ایک ریاکٹ کا اسپیشل آپریشن ٹیم نے پردہ فاش کیا اور 24 سالہ شخص رمیش سیوا کو گرفتار کرلیا۔ اب پولیس اس کے گراہکوں کا پتہ چلارہی ہے جو اس سے تیل خریدا کرتے تھے اور استعمال کرتے تھے۔ ایس او ٹی ملکاجگیری پولیس نے کارروائی انجام دی۔ انسپکٹر راملو کے مطابق رمیش سیوا آر کے پورم نریڈ میڈ کا رہنے والا ہے جو اپنے گھر میں خنزیر کی چربی سے تیل بنارہا تھا۔ خنزیر کا گوشت بیچنے والوں سے چربی خریدا کرتا تھا اور اس میں مختلف کیمیکلس کو شامل کرکے اس کا تیل تیار کرتا تھا۔ رمیش سیوا اس تیل کو سڑک کے کنارے فاسٹ فوڈ سنٹرس اور اسٹالس پر کم قیمت میں فروخت کررہا تھا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرنے والی پولیس نے رمیش کے مکان کی تلاشی لی اور مکان سے خنزیر کی چربی اور تیل برآمد کرلیا۔ ایس او ٹی نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد مزید تحقیقات کیلئے نریڈ میڈ پولیس کے حوالے کردیا۔ع