دو افراد گرفتار، دس کنٹل دھماکو اشیاء ضبط ، کریم نگر اور ساؤتھ زون پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ساؤتھ زون اور کریم نگر پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں پرانے شہر کے علاقہ فاطمہ نگر وٹے پلی میں گن پاؤڈر ( بارود ) تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹری پر دھاوا کرتے ہوئے 10 کنٹل دھماکو اشیاء ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اس کارروائی کے دوران پولیس نے عیدی بازار کے ساکن محمد زین العابدین اور شاہ علی بنڈہ کے حمید خان کو گرفتار کرلیا ہے۔ انسپکٹر فلک نما وی دیویندر نے سیاست نیوز کو بتایا کہ محمد زین العابدین شفیع گن پاؤڈر یعنی بارود تیار کرتا ہے اور دھماکو اشیاء تیار کرنے کا لائسنس رکھتا تھا لیکن سال 2018 میں اس کے لائسنس کی مدت ختم ہوگئی تھی اور اس نے دوبارہ تجدید کیلئے متعلقہ محکمہ جات میںدرخواست داخل کی لیکن اب تک اسے لائسنس حاصل نہیں ہوا۔ اس کے باوجود بھی وہ دھماکو اشیاء تیار کررہا تھا جس کے لئے حمید خان جو کوئلہ کا کارخانہ چلاتا ہے بارود کی تیاری کیلئے کوئلہ کا پاؤڈر فراہم کرتا تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ سلفر، سوڈیم اور کوئلہ کے پاؤڈر کے ذریعہ گن پاؤڈر تیار کیا جارہا تھا اور اس کے پیاکٹس کریم نگر منتقل کئے جاتے تھے۔ فلک نما پولیس نے بتایا کہ پتھروں کی کانوں میں دھماکہ کیلئے اس بارود کا استعمال کیا جاتا تھا۔ ساؤتھ زون پولیس اور کریم نگر پولیس نے اس کارروائی میں 10 کنٹل بارود ضبط کرتے ہوئے دونوں ملزمین کو گرفتار کرلیا اور انہیں عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔