فالج سے متاثرہ ضعیف خاتون کو بیٹوں نے جائیداد چھین کر سڑک پر چھوڑ دیا

   

مقامی عوام کی شکایت پر پولیس نے ماں کو گھر لے جانے بیٹوں کی کونسلنگ کی

حیدرآباد: فالج سے متاثرہ ضعیف خاتون کی جائیداد چھین کر بیٹوں نے ماں کو سڑک پر چھوڑ دیا۔ حالیہ دنوں میں دل دہلا دینے والے ایسے کئی واقعات منظرعام پر آرہے ہیں جس سے نہ صرف خونی رشتوں کا احساس ختم ہورہا ہے۔ جذبہ انسانیت بھی دم توڑ رہی ہے۔ دوسرے ضرورتمندوں کی مدد کرنا تو دور بچوں کی جانب سے ماں باپ کے ساتھ اس طرح کا سلوک سارے سماج کو شرمسار کررہا ہے۔ یہ واقعہ شہر حیدرآباد کا ہے۔ عنبرپیٹ کے گول ناکہ میں رہنے والی فالج سے متاثرہ 70 سالہ ضعیف خاتون کملااماں کے تین بیٹے ہیں جنہوں نے اپنی ماں کو بے یارومددگار گھر سے بیدخل کرتے ہوئے سڑک پر چھوڑ دیا۔ چند دن قبل ہی کملااماں کے شوہر کا انتقال ہوگیا۔ تب سے وہ بیٹوں کے پاس رہ رہی تھی۔ باپ کے نام پر موجود ساری جائیداد اپنے نام کرانے کے بعد بیٹوں نے ماں کو سڑک پر چھوڑ دیا جس پر مقامی عوام ایسی خودغرض اولاد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس میں اس کی شکایت کی۔ پولیس نے فوری ردعمل کا اظہار کیا اور ضعیف خاتون کے بیٹوں کی کونسلنگ کرتے ہوئے ماں کو گھر لے جانے کی ترغیب دے رہی ہے۔