فاکس نیوز رپورٹر کی برطرفی کا ٹرمپ کا مطالبہ

   

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ اپنی تحریر وتقریر میں صحافیوں کے لتے تو لیتے ہی رہتے ہیں لیکن اب انھوں نے فاکس نیوز کی نیشنل سکیورٹی کی نامہ نگار کو سیدھے سبھاؤ فارغ خطی دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔اس خاتون نے اگلے روز یہ دعویٰ کیا ہے کہ ری پبلکن صدر اور آیندہ صدارتی انتخابات میں امیدوار نے سابق فوجیوں کا توہین آمیز انداز میں مضحکہ اڑایا تھا اور ان کی بے توقیری کی ہے۔اس پر انھیں دو روز تک کڑی نکتہ چینی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔دا اٹلانٹک میگزین نے ایک رپورٹ میں لکھا تھا کہ صدر ٹرمپ نے پہلی عالمی جنگ میں کام آنے والے امریکی میرینز کو ’’شکست خوردہ‘‘ اور ’’آسان ہدف‘‘ قرار دیا تھا۔انھوں نے یہ کلمات نومبر 2018 میں فرانس کے دورے کے موقع پر ادا کیے تھے مگر تب انھوں نے امریکی فوج کے ایک قبرستان میں جانا گوارا نہیں کیا تھا۔بعد میں سرکاری طور پر یہ وضاحت کی گئی تھی کہ وہ خراب موسم کی وجہ سے وہاں نہیں جاسکے تھے۔فاکس نیوز کی نمایندہ جینیفر گریفین کا کہنا ہے:انھیں امریکی انتظامیہ کے دو سابق عہدے داروں نے اس امر کی تصدیق کی تھی کہ ’’صدر ٹرمپ پیرس کے نواح میں واقع ایسن مارنے قبرستان میں امریکا کے جنگی مقتولین کو کوئی اعزاز نہیں بخشنا چاہتے تھے اور موسم کا اس معاملہ میں کوئی عمل ودخل نہیں تھا۔ایک عہدہ دار نے جینیفر کو بتایا تھا کہ صدر نے فوج کی توہین کے لیے ’’آسان ہدف‘‘ کی ترکیب استعمال کی تھی لیکن اس کا تناظر مختلف تھا اور یہ ویت نام جنگ کے حوالے سے استعمال کی گئی تھی۔