حیدرآباد۔5۔جنوری(سیاست نیوز) خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے وظیفہ کی اسکیم پر حکومت کی جانب سے ماہ فروری سے عمل آوری کی جائے گی! کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل عوام سے جو وعدے کئے تھے ان وعدوں پر عمل آوری کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے اور خواتین کو مفت بس کی سہولت کی فراہمی کا آغاز کردیاگیا ہے اور تلنگانہ کے تمام اضلاع میں خواتین کی جانب سے اس سہولت سے استفادہ کیا جانے لگا ہے ۔ذرائع کے مطابق ’پرجاپالنا‘ پروگرام کے تحت جو ’ابھیا ہستم ‘ درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ شروع کیا ہے ان میں سے ہی خواتین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گااور آئندہ ماہ سے یہ رقومات جاری کی جانے لگیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ خواتین کو ماہانہ 2500 کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیں اور حکومت کو اس بات سے واقف کروائیں کہ حکومت پر اس اسکیم کے آغاز سے کتنا بوجھ عائد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق 2500 روپئے ماہانہ کی اسکیم کے آغاز کے ساتھ ساتھ 500روپئے میں گیاس سیلنڈرس کی سربراہی کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکو اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ جاریہ ماہ کے اختتام سے قبل دونوں اسکیمات پر عمل آوری پر عائد ہونے والے بوجھ کے علاوہ ان اسکیمات کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط و قواعد تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کریں۔عہدیداروں کے مطابق جاری ماہ کے دوران 17 جنوری تک تمام درخواستوں کے وصول ہونے کے بعد ان کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کی جانب سے ان اسکیمات کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی تیاری عمل میں لائی جائے گی اور حکومت کے منصوبہ کے مطابق ماہ فروری کے پہلے ہفتہ سے قبل تمام تفصیلات حکومت کو پیش کردی جائیں گی۔3