فتح اور حماس غزہ کیلئے انتظامی کمیٹی سے متعلق مسودہ پر آمادہ

   

غزہ : فلسطین میں فتح اور حماس تنظیمیں مصری تجویز کے مطابق غزہ پٹی کے انتظامی امور چلانے کے لیے ایک کمیٹی کی تشکیل کے مسودے پر آمادہ ہو گئی ہیں۔ ذرائع نے واضح کیا کہ یہ آمادگی غزہ پٹی میں فائر بندی کی راہ ہموار کرے گی۔العربیہ نیوز چینل کو غزہ کی انتظامی کمیٹی سے متعلق مسودے کی نقل موصول ہوئی۔ مسودے کے مطابق تقرر اور تعیناتی فلسطینی اتھارٹی کے صدر کے حکم سے عمل میں آئے گی۔مزید یہ کہ کمیٹی غزہ کی پٹی کی آبادی کو بنیادی خدمات پیش کرے گی اور ان کی ضروریات پوری کرے گی۔العربیہ کے ذرائع نے مزید بتایا کہ فتح اور حماس ایک معاہدے تک پہنچ گئیں جس نے امداد اور تعمیر نو سے متعلق رقوم کے انتظام کے حوالے سے اختلاف ختم کر دیا۔اسی طرح ذرائع نے واضح کیا ہے کہ دونوں تنظیموں نے مصر کی تجویز کردہ دستاویز پر مثبت رد عمل پیش کیا اور اس پر آمادگی کا اظہار کیا۔ فتح تنظیم اندرون ایک ہفتہ حتمی جواب دے گی اور اس کا وفد دوبارہ قاہرہ آئے گا۔یاد رہے کہ اسرائیل پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ جنگ کے بعد غزہ پٹی کے حکومتی امور میں حماس کو نہیں ہونا چاہیے۔