لکھنؤ:12اگست(یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے منگل کو کہا کہ فتح پور میں مقبرہ تنازعہ پر حکومت سخت قدم اٹھائے جس سے فرقہ وارانہ ماحول خراب نہ ہوسکے ۔ مایاوتی نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر لکھا‘ یوپی کے ضلع فتح پور میں مقبرہ و مندر ہونے کے سلسلے میں چل رہے تنازعہ/ہنگامہ پر حکومت کو کسی بھی سماج کو ایسا کوئی بھی قدم اٹھانے نہیں دینا چاہئے جس سے وہاں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہو جائے اورآپسی بھائی چارے اور ہم آہنگی بھی بگڑے ۔ حکومت اس معاملے کو ضرور سنجیدگی سے لے اور ضرورت پڑنے پر سخت قدم بھی اٹھائے ۔ قابل ذکر ہے کہ فتح پور ضلع کے ابو نگر میں پیر کو ایک مذہبی مقام پر دعویٰ کو لے کر دو برادریوں کے لوگ آمنے سامنے آ گئے ۔ اس معاملے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تشدد پھیلانے کے الزام میں 10 نامزد ملزمان سمیت 160 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔