فتح پور کا واقعہ حکومت پر سوالیہ نشان:اجئے رائے

   

لکھنؤ: 12 اگست (یو این آئی) کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے اتر پردیش کے فتح پور میں مقبرے پر پوجا کی کوشش کو لے کر حکومت کے کام کرنے کے انداز اور پولیس کے کردار پر سوال اٹھائے ہیں۔منگل کو جاری ایک بیان میں رائے نے کہا کہ فتح پور دوآب کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ فتح پور اپنی گنگا جمنی ثقافت کے لیے پورے ملک میں مشہور ہے ۔ 1992 میں بابری انہدام کے وقت بھی جب پورا ملک ہندوؤں اور مسلمانوں کے نام پر لڑ رہا تھا، فتح پور نے اپنی گنگا جمنی ثقافت کو برقرار رکھا اور فتح پور کو بچایا۔ لیکن آج بی جے پی لیڈروں نے اپنی طاقت اور پولیس تحفظ کا استعمال کرتے ہوئے فتح پور کی گنگا جمنی ثقافت پر دھبہ لگا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فتح پور بی جے پی ضلع صدر مکل پال ویڈیو اور پریس کانفرنس کے ذریعہ لوگوں سے مقبرہ کو گرانے کا مطالبہ کررہے تھے تو پھر پولس انتظامیہ نے بی جے پی لیڈر مکل پال کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی۔