فتح کابل کے بعد سے 8 لاکھ افغانیوں نے ایران میں پناہ لی، وزیر خارجہ کا دعویٰ

   

تہران : ایران نے کہا ہے کہ گزشتہ 4 ماہ کے دوران افغانستان سے 8 لاکھ مہاجرین اس کے ہاں پناہ لے چکے ہیں۔ایرانی وزارت خارجہ کے ایک تحریری بیان کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے نارویجن ہم منصب اینیکن ہوٹفیلٹ کے ساتھ افغانستان اور یمن میں انسانی بحران اور جوہری مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ موسمِ سرما شروع ہونے کے ساتھ ہی ایران میں داخل ہونے والے افغان تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ ہوا اور تقریباً 5 ہزار افغانی روزانہ ایرانی سرحد پر آتے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے مزید بتایا کہ پچھلے 4 ماہ میں 8 لاکھ تارکین وطن افغانستان سے ایران آچکے ہیں اور ایرانی حکومت کی جانب سے اپنا گھر بار چھوڑ کر آنے والے افغان مہاجرین کو امداد کی ترسیل کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عبداللہیان نے کہا کہ ہم ناروے سے زمینی اور ہوائی راستے سے موصول ہونے والی امداد کو ضرورت مندوں تک پہنچائیں گے۔ایرانی وزیر خارجہ نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونے والے جوہری مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے میں عمومی رجحان مثبت ہے۔