تل ابیب : اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلانٹ نے کہا ہے کہ غزہ کے اندر حماس کے ساتھ گزشتہ دو دنوں سے شدید لڑائی لڑی جارہی ہے۔گیلانٹ نے گزشتہ روز کہا ہم فتح حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، غزہ میں حماس کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، لڑائی کے اختتام پر حماس باقی نہیں رہے گی جبکہ غزہ میں حماس کے زیر کنٹرول علاقے ختم ہو رہے ہیں۔گیلانٹ نے مزید کہا ہم نے غزہ میں حماس کے بہت سے جنگجوؤں اور 12 رہنماؤں کو بھی ہلاک کردیا ہم یحییٰ السنوار تک پہنچ کر اسے بھی ختم کر دیں گے۔گیلانٹ نے کہا واشنگٹن غزہ میں حماس پر بمباری کے حوالے سے ہماری صورتحال کو سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینیوں سے جنوبی غزہ کا رخ کرنے کا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ جو بھی غزہ کے شمال میں رہتا ہے وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہا ہے، ہم تمام محاذوں پر لڑائی کے لیے تیار ہیں۔ ہمیں حزب اللہ کے ساتھ تصادم میں کوئی دلچسپی نہیں ہے لیکن ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں، اگر نصر اللہ نے سنوار والی غلطی دہرائی تو لبنان کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔