فجر کے ساتھ بیدار ہونے اور تلاوت کو معمول بنانے کی تلقین

   

ورنگل میں خواتین میں اسناد کی تقسیم، شاہد مسعود ریجنل ڈائرکٹر میونسپل ، ایم پی ڈاکٹر کاویا اور دیگر کا خطاب
ورنگل /25 ا گسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میناریٹیز انٹلکچول فورم ورنگل کے زیر اہتمام مسلم کمیونٹی سنٹر ورنگل میںمفت ٹیلرنگ سنٹر کی ٹریننگ میں کامیاب خواتین کو اسنادات اور سلائی مشین تقسیم پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ صدر میناریٹی انٹلکچول فورم ورنگل ڈاکٹر انیس احمد صدیقی نے پروگرام کی صدارت کی جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے رکن پارلیمان ورنگل ڈاکٹر کڈیم کاویا ،جناب شاہد مسعود ریجنل ڈائرکٹر میونسپل اڈمنسٹریشن نے شرکت کی اور اعزازی مہمان کی حیثیت سے کانگریس قائد مرزا عزیز اللہ بیگ نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز جناب صابر عالم کی قرآت کلام پاک سے ہوا اور حمد باری تعالی جناب ناصر نے پیش کی جبکہ نصرت جہاں نے نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر مسز سرتاج نے ایم ایف ایف کی سرگرمیوں پر اور جناب محمد عبدالکلیم نے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر ایم پی کڈیم کاویا نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سماج اس وقت ترقی نہیں کرے گا جب تک خواتین کو معاشی طور پر با اختیار نہ بنایا جائے۔ انہوں نے فورم کی تعریف کی جو نہ صرف خواتین کو مفت تربیت فراہم کرتی ہے بلکہ سلائی مشینیں بھی فراہم کرتی ہے تاکہ وہ تربیت کے بعد اپنے پائوں پر کھڑی ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔اس موقع پر جناب شاہد مسعود ریجنل ڈائرکٹر میونسپل اڈمنسٹریشن نے کہاکہ خواتین کو ہر شعبہ حیات میں آگے آنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خواتین و لڑکیوں سے کہاکہ وہ مفت ٹیلرنگ تربیت سے استفادہ کرتے ہوئے خود مکتفی ہوں۔ انہوں نے طالبات سے کہاکہ دیر سے اٹھنے کو ترک کرتے ہوئے فجر کے ساتھ اٹھنے، نماز کی ادائیگی اورقرآن مجید کی تلاوت کو اپنا معمول بنائیں۔ اپنے اندر حسن اخلاق پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر ٹیلرنگ تربیت حاصل کرنے والے خواتین میں اسنادات اور بہتر مظاہرہ کرنے والے تین خواتین کو مہمانوں کے ہاتھوں سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ جناب معشوق ربانی نے پروگرام کی کاروائی چلائی۔ جناب مسعود مرزا محشر نے دعا کی اور جناب سید اکبر کے ہدیہ تشکر پر اختتام عمل میں آیا۔اس موقع پر تسلیم سلطانہ ، نور جہاں ، ندیم بیگ ، خسرو سلیم ، نازنین سلطانہ ، ایم اے نعیم ، محسن سلطانہ ، تمیزہ بیگم ، نازیہ بیگم ، رخسانہ اور دیگر موجود تھے۔