فحش ویب سائیٹ پر ہائی کورٹ کی برہمی، گوگل کو نوٹس کی اجرائی

   

حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے فحش ویب سائیٹس میں روز افزوں اضافہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے فحش ویب سائیٹس کے مسئلہ پر گوگل کو نوٹس جاری کی ہے۔ عدالت نے اس طرح کی ویب سائیٹس کی تمام تفصیلات داخل کرنے کی ہدایت دی۔ایک لڑکی نے مفاد عامہ کے تحت درخواست داخل کی جس میں شکایت کی گئی کہ فیس بک پر موجود نام اور فوٹوز کو استعمال کرتے ہوئے فحش ویب سائیٹس پر اپ لوڈ کیا جارہا ہے۔ گوگل کو اس سلسلہ میں شکایت کرنے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ درخواست کی سماعت کے بعد عدالت نے ادارہ گوگل کے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت یکم ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔ لڑکی نے شکایت کی کہ اس کا نام اور تصویر فحش ویب سائیٹس سے نکالنے کیلئے سابق میں گوگل ادارہ سے درخواست کی گئی تھی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ جس کے سبب اسے ہائی کورٹ کا سہارا لینا پڑا۔ عدالت نے سوال کیا کہ فحش ویب سائیٹس تیار کرنے والوں کے خلاف گوگل کیوں کارروائی نہیں کررہا ہے۔ عدالت نے فحش ویب سائیٹس پر روک لگانے کیلئے گوگل کو نوٹس جاری کی۔