فحش ویڈیو ز دیکھنے کی پاداش میں دو کم عمر بچوں پر مقدمہ

   

گھمبی راؤ پیٹ منڈل میں جدید ٹکنالوجی کی مدد سے غیر اخلاقی سرگرمیوں کی نشاندہی: پولیس
گمبھی راؤپیٹ، سرسلہ۔ 7؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجننہ سرسلہ ضلع کے منڈل گمبھی راؤپیٹ کے نرمال اور بھمن مالا ریڈی پیٹ گاؤں سے تعلق رکھنے والے دو نابالغ بچوں کو فحش ویڈیوز دیکھنے کی پاداش میں کیس درج کرتے ہوئے ریمانڈ کر دیا گیا جو فحش ویڈیوز انسٹاگرام اور دیگر ایپس پر ڈاؤن لوڈ بھی کر رہے تھے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان افراد کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کیس درج کیا گیا اور جمعرات کو انہیں ریمانڈ پر بھیج دیا گیا، یہ بات ایلاریڈی پیٹ کے سرکل انسپکٹر سرینواس نے بتائی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جو بھی نابالغ فحش ویڈیوز دیکھیں یا ڈاؤن لوڈ کریں، خاص طور پر بچوں کے فحش مواد سے متعلق کوئی بھی سرگرمی کرے، اسے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر کے اس پر قانونی کارروائی کی جائے گی اور سخت سزا دی جائے گی۔انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں کو خبردار کیا کہ وہ فحش ویڈیوز اور غیر اخلاقی مواد دیکھنے سے گریز کریں۔ اگر کوئی یہ سوچے کہ اسے کوئی نہیں دیکھ رہا ہے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، کیونکہ جدید سائبر ٹیم ہر وقت ایسی سرگرمیوں پر نظر رکھتی ہے۔انہوں نے والدین اور نابالغ بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان غلط راستوں سے دور رہیں، اچھے اخلاق اور صحیح راہ پر چلیں، تعلیم حاصل کر کے اعلیٰ مقام حاصل کریں۔اس موقع پر ان کے ہمراہ گمبھی راؤ پیٹ کے ایس آئی ایل سریکانت اور دیگر پولیس ملازمین بھی موجود تھے۔