فخر زماں سے بہتر کارکردگی کی بیٹنگ کوچ فلاور کو امید

   

کیپ ٹاؤن۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کہا ہے کہ اوپنرفخرزمان کو بیرون ملک کامیابی کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت ہے جس کیلئے انہیں خود کو غیر ملکی حالات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔گرانٹ فلاور کے بموجب بائیں ہاتھ کے اوپنرفخر جنوبی افریقی وکٹوں پر اسی انداز سے نہیں کھیل سکتے جیسے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں کھیلتے ہیںکیونکہ وکٹوں کا اچھال یکسر مختلف ہے۔ بیٹنگ کوچ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب فخر زمان جنوبی افریقہ کیخلاف مسلسل تین اننگز میں ناکامی سے دوچار ہوئے اور اچھا تاثر نہ چھوڑ سکے۔ کوچ کے بموجب ٹسٹ کرکٹ میں بیٹسمینوں کو دیگر کرکٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ چوکس رہنا پڑتا ہے اور انہوں نے یہ بات فخر زمان کو بھی سمجھا دی ہے جس کو سمجھنے کے بعد بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا ہے لہٰذا قوی امید ہے کہ وہ اپنے اندر بہتری لانے کی کوشش کریں گے کیونکہ ان سمیت تمام ہی بیٹسمینوں پر کافی زیادہ محنت کی جارہی ہے۔