کراچی ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دورہ نیوزی لینڈ سے پہلے ہی بڑا دھکا لگ گیا کیونکہ بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان دورے سے باہر ہوگئے۔ پاکستان کی طرف سے واحد ڈبل سنچری اسکور کرنے والے فخر زمان پاکستانی اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔ فخر زمان کو بخار کی علامات ظاہر ہوئیں، ٹیم ڈاکٹر کی جانب سے متعدد مرتبہ معائنہ کے باوجود فخر زمان کے بخار میں کمی نہیں آئی۔ ٹیم مینجمنٹ نے اس کے بعد اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں، معاون عملہ کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر فخر زمان کو پاکستان اسکواڈ کے ہمراہ جانے سے روکنے کا فیصلہ کیا اور اب وہ ٹیم کے ہمراہ 23 نومبر کی صبح نیوزی لینڈ کے لئے روانہ نہیں ہوئے۔ انہیں بخار کی علامت ظاہر ہونے کے بعد مکمل طور پر قرنطینہ کردیاگیا ہے۔یاد رہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے کھلاڑیوں کو کسی ملک کے دورہ سے قبل کورونا ٹسٹ کروایا جارہا ہے۔