کوڑنگل ایم پی پی مدپا دیشمکھ کی انگڑی رائچور پرائمری ہیلت سنٹر کا اچانک معائنہ
کوڑنگل /12 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایم پی پی کوڑنگل مسٹر مدپا دیشمکھ نے گذشتہ روز کوڑنگل منڈل کے نمائندہ مقام انگڑی رائچور پرائمری ہیلت سنٹر کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے خدمات سے غفلت برتنے والی لیڈی ڈاکٹر کے خلاف قانونی کارروائی کا پرزور مطالبہ کیا ۔ ایم پی پی موصوف و زیڈ پی ٹی سی مسٹر بھاسکر نے انکشاف کیا کہ دواخانہ کی بدنظمی ان کے علم میں لائی گئی ہے ۔ لیڈی ڈاکٹر ریکھا کا خدمت سے غیر حاضر رہتے ہوئے حاضری رجسٹر میں دستخط کردینا ڈاکٹر اور ماتحت عملہ کے مابین ناانصافی ، دواخانہ کمیٹی کی قرارداد اور ممبروں کے صلاح و مشورہ کے بغیر ہی دواخانہ کے فنڈس سے ایک لاکھ روپئے سے زائد رقم ڈرا کرلینا وغیرہ پر بھی برہمی کا اظہا کیا گیا اور انکشاف کیا گیا کہ ضلعی مہتمم صحت و طبابت DM&HO کی جانب سے عدم معائنہ پر مذکورہ مسائل رونما ہو رہے ہیں ۔ دواخانہ میں خدمات انجام دینے ولے عملہ کے ارکان روزانہ بیومیاٹرک طرز پر حاضری درج کرواتے ہیں جبکہ لیڈی ڈاکٹر حاضری رجسٹر کا استعمال کرتی ہیں ۔ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہ کر بھی لیڈی ڈاکٹر دستخط کرلیتی ہیں ۔ نیز ماتحت عملہ کو ہراساں کرتے ہوئے دواخانہ کو آنے والے مریضوں کو تفصیلات رجسٹر میں درج نہ کیا جانا فہم و قیاس سے بالاتر ہے ۔ نیز دواخانہ میں ہر ماہ کم از کم دس زچگیاں انجام پانا چاہئے مگر نصف تعداد بھی نہیں ہو پارہی ہے ۔ جس سے حکومت کا مقصد فوت ہو رہا ہے ۔ اس خصوص میں ڈاکٹر سے استفسار پر کہا گیا کہ عہدیداران بالا کی ہدایت پر کام انجام دیا جارہا ہے ۔ اس پروگرام میں وائس ایم پی پی رحمت اللہ خان ، ٹی آر ایس پارٹی منڈل پریسیڈنٹ رام ریڈی وغیرہ نے حصہ لیا ۔
