نلگنڈہ۔ 10 اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے تلنگانہ اقلیتی اقامتی بوائز اسکول واقع ایس ایل بی سی کالونی کے پرنسپل وینوگوپال کو فرائض میں غفلت برتنے پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا۔ ضلع کلکٹر کے اچانک معائنہ کے دوران پرنسپل اسکول کے اوقات میں باہر پائے گئے اسکول کی عمارت نا قص صاف صفائی اور چند ایک اساتذہ بغیر اجازت غیر حاضر تھے۔کلکٹر نے تین دن میں وضاحت طلب کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اطمینان بخش جواب نہ دینے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں طلباء کو معیاری تعلیم اور معیاری کھانا فراہم کرنے میں کوتاہی کی گئی تو متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنیکاضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے انتباہ دیا ۔ وہ آج نلگنڈہ کے مضافات میں ایس ایل بی سی کالونی میں واقع اقلیتی اقامتی اسکول بوائزکا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اسکول میں مناسب سہولیات کی کمی پر برہمی و ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے آر ڈی اوکو ہدایت دی کہ وہ اپنے حدود میں واقع تمام رہائشی اسکولوں کا اچانک معائنہ کریں سہولیات میں کسی قسم کی کمی پائے جانے پر فوراً اقدامات کریں اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائیں۔ضلع کلکٹر نے حاضری رجسٹر طعام خانہ و دیگر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر نلگنڈہ آر ڈی او وائی اشوک ریڈی اسکول پرنسپل وینو گوپال اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔