ہلکٹہ(کرناٹک): ممتازعالم دین مولانا محمد عبید اللہ خان اعظمی سابق رکن راجیہ سبھا نے کہا ہے کہ مسلمان فرائض نماز پنجگانہ با جماعت سے ہرگز لا پرواہی وغفلت نہ برتیں،ہمیں دنیا میں بھیجاگیا ہے ،اس کا مقصد ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ محسن انسانیت حضور اکرمؐ نے ہمیں بہتر اعمال کا حکم دیا ہے اور برائی سے احتراز کرنے کی سختی سے پابند فرمایاہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی جامعہ نظامیہ حافظ محمد انواراللہ فاروقی ؒ کی دینی و ملی،روحانی خدمات لائق صد تحسین وقابل فخرہے ۔ان خیالات کااظہار مولاناعبیداللہ خان اعظمی نے کل رات آستانہ قدیریؒ ہلکٹہ شریف، واڑی جنکشن،ضلع گلبرگہ شریف کرناٹک میں جلسہ فیضان اولیاء اللہ سے بہ حیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جو حضرت خواجہ سید محمد بادشاہ قادری چشتی یمنیؒ کے سالا نہ عرس تقاریب کے موقع پر منعقد کیاگیا تھا۔2/اگست کوبعد نماز فجرخدمت صندل مالی انجام دی گئی جس کی نگرانی حضرت خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری چشتی یمنی بندہ نوازی المعروف بہ حضرت تُرابؔ قدیری سجادہ نشین نے کی۔