فرائض کی انجام دہی کیلئے وقت کا پابند ہونا ضروری

   

نارائن پیٹ میں اسپیشل پولیس جوانوں کے اجلاس سے ضلع ایس پی وینکٹیشورلو کا خطاب

نارائن پیٹ ۔ ضلع اسپیشل پولیس پارٹی کی کارکردگی قابل ستائش ہے اور انہیں اس سے زیادہ پہلے کی طرح جوش و جذبے کے ساتھ مزید بہتر کام کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر این وینکٹیشورلو نے پولیس ہیڈ کوارٹرس ضلع اسپیشل پولیس پارٹی کے جوانوں کے ایک اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ جس کی نگرانی اڈیشنل ایس پی منسٹر بھرت کمار کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ضلع ایس پی نے پولیس پارٹی سے اپنے سوالات میں پوچھا کہ کیا انہوںنے اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی دشواری تو نہیں ہو رہی ہے ؟ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں وہ کبھی بھی مجھ سے دفتر میں کسی بھی قسم کے مسائل سے براہ راست ملاقات کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ پولیس میں نوکری حاصل کرنے کیلئے بہت محنت کی اور پاس ہوکر بڑی مشکل سے نوکری حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت ملنے کے بعد والدین اور خاندان کے افراد کا خیال رکھنا چاہئے ۔ پڑوسیوں کی حتی المقدور مدد کرنی چاہئے ۔ معاشرہ میں انہیں بہترین خدمت کے مواقع حاصل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل پولیس محکمہ ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے ۔ اس لئے انہیں ہمیشہ چوکس و چوکنا رہنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کیلئے وقت کا پابند ہونا ضروری ہے ۔ ضلع ایس پی نے مشورہ دیا کہ صحت کی برقراری کیلئے روزآنہ پولیس کو ورزش کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں نئے نئے چیالنجس کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے سے تربیت حاصل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے جنگل پیج وردی اسپیشل پولیس جوانوں میں تقسیم کی ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ یوگا ذہنی ورزش کا ایک بہترین ذریعہ ہے ۔ اس موقع پر آر آئی پولیس مسٹر کرشنا ، اے آر اے ایس ضلع اسپیشل پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی ۔