فرانسیسی خاتون قتل کیس کا معمہ حل بیٹی اور اس کے عاشق پر قتل کا الزام

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) راجندر نگر پولیس نے سنسنی خیز فرانسیسی خاتون قتل کیس کو حل کرلیا ہے۔ 9 ستمبر کو 68 سالہ میری کرسٹائن کی گمشدگی کی شکایت راجندر نگر پولیس میں کی گئی تھی۔ حقیقی بیٹی کے شوہر پرشانت نے یہ شکایت کی تھی کہ 8 ستمبر سے میری کرسٹائن لاپتہ ہے۔ پولیس نے حمایت ساگر کے قریب جھاڑیوں سے اس فرانسیسی خاتون کی نعش کو برآمد کرلیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔ تاہم قتل کی وجہ مزید سنسنی خیز بتائی گئی۔ میری کرسٹائن کی گود لی گئی بیٹی نے روما اپنے عاشق اور اس کے ساتھی کے ساتھ مل کر میری کرسٹائن کا قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق روما اپنی پسند سے شادی کرنا چاہتی تھی اور میری اس کے خلاف تھا۔ شادی سے انکار اور شادی میں رکاوٹ کے علاوہ روما کو جائیداد کا بھی خوف تھا۔ میری کی دو حقیقی بیٹاں ایک میری سویج سن سٹی میں رہتی تھیں اور دوسری ریبکا پوڈوچری میں رہتی ہے۔ اس خاتون نے روما کے علاوہ پرینکا نامی لڑکی کو بھی گود لیا تھا لیکن روما وکرم سے محبت کرتی تھی جس کے سبب 24 سالہ روما نے اپنے عاشق 25 سالہ وکرم اور 24 سالہ رہول گوتم کے ساتھ مل کر اس خاتون کا قتل کردیا۔ میری کرسٹائن 20 سال قبل فرانس سے حیدرآباد آئی تھی اور درگاہ خلیج خاں علاقہ میں رہتی تھی۔ اس خاتون نے ایک ٹرسٹ قائم کیا تھا اور غریب و یتیم بچوں کو تعلیم دینا چاہتی تھی۔ اس خاتون نے ماریکا ہائی اسکول ٹولی چوکی کی بنیاد ڈالی اور درگاہ خلیج خاں میں بھی اسکول چلارہی تھی۔ پولیس نے تینوں قاتلوں کو گرفتار کرلیا ہے۔