اقوام متحدہ: فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے سامنے جنگ کے خلاف ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کی تعریف کی ہے ۔یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا، ‘‘ہندوستان کے وزیر اعظم نے درست کہا ہے کہ یہ جنگ کا وقت نہیں ہے ۔ نہ ہی یہ وقت مغرب کی مخالفت کرنے یا مشرق سے کسی بھی طرح سے انتقام لینے کا ہے ۔آج ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے ان کا مقابلہ تمام خودمختار اقوام کو مل کر کرنا ہے ۔اپنی تیس منٹ کی تقریر میں مسٹر میکرون نے اس سارے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے والے ممالک کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ وہ زیادہ دیر تک چھپ کر نہیں بیٹھ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج اپنے ادھیڑ بن میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں وہ کہیں نہ کہیں ایک نئے سامراجیت اور عصری کجی کو پناہ دے کر دنیا کو برباد کر رہے ہیں۔مسٹر مودی نے سمرقند میں ایس سی اوچوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے کے علاوہ روسی صدر کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کے دوران اپنی بات کہی تھی۔ اس دوران انہوں نے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اپنانے کی ضرورت پر زور دیاتھا۔ مسٹر مودی نے مسٹر پوتن کے ساتھ بات چیت میں کہاتھا، “میں جانتا ہوں کہ آج جنگ کا وقت نہیں ہے ۔ جمہوریت، سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ہی ہم امن کی راہ پر آگے بڑھ سکتے ہیں، ہمیں اس مسئلے پر بات کرنے کا موقع ملے گا اور میں بھی آپ کے موقف کوسمجھنے کی کوشش کروں گا۔