فرانسیسی وزیر خارجہ کی دورہ بیروت سے قبل لبنانی سیاست دانوں کو دھمکی

   

پیرس : فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں وائی ویس لودریان جمعرات کو لبنانی سیاست دانوں کے لیے ایک سخت پیغام لے کر بیروت آرہے ہیں۔انھوں نے کہا ہے کہ لبنان میں سیاسی عمل میں رکاوٹیں کھڑے کرنے والے سیاست دانوں کے خلاف تعزیری اقدامات کیے جائیں گے۔ان کے دورے سے قبل پیرس حکومت نے کہا ہے کہ اس نے لبنان میں سیاسی عمل میں حائل ہونے والے سیاست دانوں کے فرانس میں داخلے کو روکنے کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔لودریان نے چہارشنبہ کوایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ’’لبنان میں حکومت کی تشکیل میں رکاوٹ بننے والوں سے ہم سختی کررہے ہیں۔ہم قومی اقدامات کررہے ہیں اور یہ صرف ابھی ایک آغاز ہے۔‘‘تاہم انھوں نے اس امر کی وضاحت نہیں کی کہ فرانس لبنانی سیاست دانوں کے خلاف کیا اقدامات کرنے والا ہے۔ فرانسیسی حکومت نے بھی نے اس ضمن میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔فرانس لبنان کو درپیش سنگین مالی اور سیاسی بحران سے نجات دلانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں پیش پیش ہے۔