فرانس :جنگلی جانوروں کو سرکس میں استعمال کرنے پر پابندی

   

پیرس : فرانسیسی پارلیمان نے جنگلی جانوروں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق ایک نیا قانون منظور کر لیا ہے۔ اس قانون کے تحت سفری سرکسوں میں استعمال کیلئے جنگلی جانوروں کو خریدنا، پالنا یا فروخت کرنا غیر قانونی ہو گیا ہے۔پیرس میں فرانسیسی پارلیمان نے 18 نومبر کو جانوروں کے حقوق سے متعلق ایک نئے اور وسیع تر قانون کی منظوری دے دی۔ اس قانون کی مدد سے کسی بھی سرکس کے دوران نہ صرف جنگلی جانوروں کا استعمال ختم ہو جائے گا بلکہ اس میں جانوروں سے بدسلوکی پر سخت سزاؤں کا تعین بھی کر دیا گیا ہے۔ میڈیاکے مطابق ایسی قانون سازی پربحث 2020ء سے جاری تھی۔ نئے قانون کا نفاذ 2024ء سے ہوگا اور تب سرکسوں میں شیر، ٹائیگر اور ریچھ جیسے جانوروں کی پرفارمنس پر پابندی لگ جائے گی۔اس قانون کے مطابق آئندہ سات برس کے اندر بتدریج ایسے جنگلی جانوروں کو نجی تحویل میں رکھتے ہوئے ان کی ملکیت بھی ممنوع ہو جائے گی۔ مزید یہ کہ اسی قانون کے تحت ٹیلی ویژن پروگراموں، نائٹ کلبوں اور نجی پارٹیوں میں جنگلی جانوروں کے استعمال کے ساتھ ہی ان کی کھال کے تجارتی حصول کیلئے فارمنگ بھی غیر قانونی ہو گی۔