فرانس لیبیا کی حفاظت کیلئے فوجی مدد کیلئے تیار

   

طرابلس، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس، لیبیا کی سکیورٹی کے لئے فوجی مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ۔ لیبیا میں فرانس کے سفیر بیٹریس ڈو ہیلن نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔فرانس کے سفیر نے لیبیا کے وزیر داخلہ فتح باشاغا کے ساتھ ایک میٹنگ میں یہ بات کہی۔ اس دوران انہوں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔لیبیا کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہاکہ ‘‘ فرانس کے سفیر نے تربیت کے میدان میں مفاہمت کی عرضداشت پر دستخط کرکے وزارت داخلہ کے لئے اسٹریٹجک امداد فراہم کرنے کی اپنے ملک کی خواہش کا اعادہ کیا ہے ’’۔لیبیاکو 2011 میں سابق رہنما معمر قذافی کے زوال کے بعد سے مسلسل تشدد اور عدم تحفظ کا سامنا ہے ۔ لیبیا کی سکیورٹی سروسز ملک میں بالخصوص دارالحکومت طرابلس میں سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں۔