پیرس : اجارہ داری کے عمل کی روک تھام پر مامور فرانسیسی ادارے نے گوگل پر 500 ملین یورو (593 ملین ڈالر) جرمانہ عائد کیا ہے۔ریگولیٹر کی جانب سے یہ جرمانہ کاپی رائٹ کے ضمن میں آتا ہے، جس کی ضرورت اس وقت پڑی جب گوگل فرانس کے نیوز پبلشرز کی اپیل پر عمل پیرا ہونے میں ناکام رہا۔یہ جرمانہ ایسے وقت ہوا جب گوگل اور فیس بک جیسے آن لائن پلیٹ فارمز پر پہلے ہی نیوز کمپنیوں کے ساتھ ریونیو کی تقسیم کے لئے بین الاقوامی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی ٹیک گروپ گوگل کو اب اگلے دو ماہ کے اندر اپنی تجاویز پیش کرنی ہوں گی کہ وہ خبر رساں ایجنسیوں اور دیگر اشاعتی اداروں کو ان کی خبروں کے استعمال کی تلافی کیسے کرے گا۔اگر گوگل دو ماہ کے اندر اس کا حل تجویز نہیں کرتا تو کمپنی کو روزانہ 900,000 یورو تک کے اضافی جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔گوگل کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے سے بہت مایوس ہے، لیکن اس کی تعمیل کی جائے گی۔