فرانس میں دھوپ سینکتی عورتوں کو جسم ڈھکنے کی ہدایت

   

پیرس۔ فرانس کی پولیس نے بحیرہ روم کے ایک ساحل پر دھوپ سینکتی چند خواتین سے اپنے جسم ڈھکنے کیلئے کہا تو فرانس کے وزیر داخلہ شرٹ کے بغیر ’سن باتھنگ‘‘یا دھوپ سینکنے والوں کے حقوق کے دفاع کے لیے سامنے آگئے۔ چھٹیاں منانے والے خاندان کی شکایت کے بعد سین ماری لامر کے ساحل پر پولیس آفیسرس نے تین ایسی عورتوں کو ٹوکا جو کہ شرٹ کے بغیر سن باتھ لے رہی تھیں۔ اس واقعے کے بعد پولیس افسران کے خلاف زبردست رد عمل سامنے آیا ہے اور خواتین کی حمایت کرتے ہوئے وزیر داخلہ جیرالڈ دارمنین نے ٹویٹ کیا: ’’آزادی ایک قیمتی شے ہے‘‘۔ ان کے مطابق عورتوں کو اپنا جسم ڈھکنے کیلئے کہنا غلط تھا۔ فرانس میں ’ٹاپ لیس سن باتھنگ‘ غیرقانونی نہیں ہے لیکن مقامی حکام لباس کے بارے میں ہدایت جاری کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر پابندی عائد کر سکتے ہیں۔

صدر برازیل کا بڑا بیٹا کورونا پازیٹیو
برازیلیا۔صدربرازیل جائر بولسنارو کے بڑے بیٹے سینیٹر فلاویو بولسنارو کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے ۔انہوں نے چہارشنبہ کے روز ٹوئٹ کر کے یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا‘‘وہ (مسٹر فلاویو) ٹھیک ہیں۔ انہیں وائرس کے آثار نظر نہیں آتے ہیں۔ ان کا گھر میں ہیڈروکسائیکلوروکوئن اور ایزی تھرو مائسن ادویات سے علاج کیا جارہاہے ‘‘۔