نئی دہلی ۔ ہندوستان میں مطلوب تاجر وجئے مالیا کی 14 کروڑ روپئے مالیتی جائیداد کو انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت ضبط کرلیا گیا ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ فرانسیسی حکام نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حکام کی خواہش پر یہ کارروائی کی ہے ۔ یہ جائیداد فرانس میں 32 اوینیو فونچ کے مقام پر واقع ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس جائیداد کی قیمت 1.6 ملین یورو ہے جو ہندوستانی کرنسی میں 14 کروڑ روپئے کے برابر ہے ۔ ڈائرکٹوریٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے یہ باتبتائی ۔ کہا گیا ہے کہ انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت تحقیقات کو آگے بڑھایا گیا تھا جس میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ بھاری رقومات کو کنگ فشر ائر لائینس لمیٹیڈ کے بینک اکاونٹس سے بیرون ملک منتقل کیا گیا تھا تاکہ وہاں جائیداد و اثاثہ جات بنائے جاسکیں۔ وجئے مالیہ بینک کا قرض واپس نہ کرنے کے کیس میں ملزم ہیں۔ ان پر 9000 کروڑ روپئے قرض واپس نہ کرنے کا الزام ہے جو انہوں نے کنگ فشر ائر لائینس کیلئے حاصل کیا تھا ۔ وجئے مالیا مارچ 2016 سے لندن میں ہیں ۔ وہ حوالی سے متعلق وارنٹ پر ضمانت پر ہیں۔ یہ وارنٹ ان کے خلاف تین سال قبل اسکاٹ لینڈ یارڈ نے جاری کیا تھا ۔ مرکزی حکومت نے 5 اکٹوبر کو سپریم کورٹ سے کہا تھا کہ مالیا کو اس وقت تک ہندوستان نہیں لایا جاسکتا جب تک ایک علیحدہ خفیہ قانونی عمل کو حل نہیں کیا جاتا ۔ یہ قانونی عمل برطانیہ میں عدالتی اور راز کا ہے اور اس کو حل کیا جانا ضروری ہے ۔