فرانس میں ڈائنوسار کے ڈھانچہ کی نیلامی

   

پیرس : فرانس میں اگلے ماہ تقریبآ ڈیڑھ سو ملین برس پرانا ایک ڈائنوسار کا غیر معمولی حد تک بہتر حالت میں محفوظ ڈھانچہ نیلام کر دیا جائے گا۔ یہ ڈھانچہ کیمپٹوسارس نسل کے ایک ڈائنوسار کا ہے، جو عرف عام میں ’بیری‘ کہلاتا ہے۔ فرانسیسی دارالحکومت سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق یہ قدیمی باقیات جیوریسک دور کے آخری حصہ میں زندہ رہنے والے ایک ڈائنوسار کی ہیں، جنہیں پیرس میں نیلام کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ ڈھانچہ کئی ملین سال قبل ناپید ہو جانے والے ڈائنوساروں کے آج تک ملنے والے ایسے ڈھانچوں میں سے ایک ہے، جو اپنی دریافت کے وقت غیر معمولی حد تک بہتر حالت میں محفوظ تھے۔ یہ ڈھانچہ انیس سو نوے کی دہائی میں امریکہ کی ریاست وائیومنگ میں دریافت کیا گیا تھا۔ پھر 2022 میں قدیمی اور ناپید ہو چکی حیات کے ماہر (palaeontologist) بیری جیمز نے اس کی بحالی پر کام کیا تھا۔
اسی لیے ڈائنوسار کے اس ڈھانچے کو اس پر کام کرنے والے ماہر کی نسبت سے ‘بیری‘ کا نام دیا گیا تھا۔