پیرس، 3 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) فرانس میں ایندھن کے ٹیکس میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف ‘ییلو ویسٹ’ مظاہرہ میں ہفتہ کو تقریبا 58،600 افراد نے حصہ لیا۔ مقامی میڈیا نے وزارت داخلہ کے حوالے سے یہ تعداد جاری کی ہے ۔ فرانس انفو’نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ ہفتہ تقریبا 69،000 مظاہرین سڑکوں پر اترے ، جس میں سے چار ہزار لوگوں نے دارالحکومت پیرس میں منعقد ریلی میں حصہ لیا۔فرانس میں پیلی جیکٹ والوں کا احتجاج بارہویں ہفتے میں داخل ہو گیا، کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیرس کے ری پبلک پلازہ کے قریب پیلی جیکٹ (ییلو ویسٹ)مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مظاہرین نے سڑکوں پر توڑ پھوڑ کی، عمارتوں اورگاڑیوں کو آگ لگائی۔مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا،فرانسیسی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا اور متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا۔واضح رہے کہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف گزشتہ سال 17نومبر سے جاری احتجاج میں 10 افراد ہلاک اور 2 ہزار افراد زخمی ہوچکے ہیں۔