فرانس میں 3 اپریل سے کورونا کی سخت پابندیاں

   

پیرس : فرانس میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ہفتہ 3اپریل سے پابندیوں کو مزید سخت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے چہارشنبہ کے روز ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے یہ اطلا ع دی ۔ میکرون نے کہا کہ فی الحال کورونا سے متعلق پابندیاں 19 محکموں میں نافذ ہیں ، جنہیں اس ہفتہ یعنی 3 اپریل سے چار ہفتوں کیلئے پورے ملک بھر میں نافذ کر دیا جائے گا۔ اس پابندیوں کے تحت فرانس میں اسکول کو بھی بند کر دیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں سے فرانس میں کورونا کے نئے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ فرانس میں اب تک 47 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں ، جبکہ اس وبا سے 95 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ فرانس میں دسمبر سے کورونا ٹیکہ کاری کی مہم شروع ہو چکی ہے ۔