نیس : فرانسیسی شہر نیس میں ایک گرجا گھر کے قریب چاقو سے حملے کی خونریز واردات کے سلسلے میں ایک اور شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ 35 سالہ مشتبہ ملزم کو جمعے کی شب نیس سے گرفتار کیا گیا۔ اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ اس پر شبہ ہے کہ وہ اس واردات سے ایک روز قبل ایک اور سینتالیس سالہ مشتبہ ملزم کے ساتھ رابطے میں تھا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ ان دونوں پر حکام کو کس طرح کے جرم کے ارتکاب کا شبہ ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق غیر قانونی طور پر فرانس میں داخل ہونے والے تیونس کے ایک شہری نے جمعرات کو ایک چرچ کے قریب چاقو سے حملہ کر کے تین افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ حکام اسے دہشت گردانہ کارروائی قرار دے رہے ہیں۔