پیرس۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فرانس نے منگل کے روز پاکستان کو اس کی تقریباً 450 قدیم نوادرات واپس کردی جن کا تعلق 400 قبل مسیح سے بتایا گیا ہے، جنہیں تقریباً 10 سال قبل فرانسیسی کسٹم ایجنٹس نے ضبط کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پیرس کے چارلس ڈیگال ایرپورٹ پر 2006ء میں کسٹم عہدیداران نے پاکستان سے آنے والے ایک پارسل کو روک لیا تھا جس میں زمانہ قدیم کے 17 برتن پیاک کئے گئے تھے اور پارسل پر پیرس کے میوزیم کا پتہ درج تھا۔ ان قدیم ظروف کو 100 سال پرانا ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم جب پیرس کے آثار قدیمہ کے ماہرین نے ان برتنوں کی گہرائی سے جانچ پڑتال کی تو پتہ چلا کہ وہ ظروف کئی ہزار سال قدیم ہیں جنہیں امکانی طور پر بلوچستان کے ایسے مقامات سے حاصل کیا گیا تھا جہاں اس زمانے کے لوگ اپنے مردوں کو دفنایا کرتے تھے۔ بہرحال اس معاملے میں مزید تحقیقات کیلئے ایک سال کا عرصہ لگ گیا اور اس دوران پیرس گیلری (میوزیم) پر بھی دھاوا کیا گیا اور جملہ 445 نوادرات ضبط کی گئی جن کی مالیت 157,000 ڈالرس بتائی گئی۔