نیامے: نائیجر کی نئی فوجی حکومت نے سابق نوآبادیاتی حکمران فرانس پر الزام لگایا ہے کہ وہ معزول صدر محمد بازوم کو بحال کرنے اور انہیں قید سے آزاد کروانے کیلئے ’فوجی مداخلت‘ کرنا چاہتا ہے۔نائیجر کی فوجی حکومت نے گزشتہ چہارشنبہ کے روز سے ملکی صدر محمد بازوم کو قید کر رکھا ہے۔ ملٹری جنتا نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آزاد کروانے کی کوئی بھی غیرملکی کوشش کے سخت نتائج برآمد ہوں گے جبکہ اس کے نتیجہ میں خونریزی اور افراتفری پھیلے گی۔کرنل عمادو ابدرمانی کا یہ بیان سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا ہے۔ ملکی حکومت کے خلاف ہونے والی بغاوت میں کرنل عمادو ابدرمانی کا مرکزی کردار ہے۔فرانس نے اس بغاوت کی شدید مذمت کی ہے اور زور دیا ہے کہ بازوم کو بحال کیا جائے لیکن اس نے فوجی مداخلت کے کسی ارادے کا اعلان نہیں کیا ہے۔ تاہم فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے کہا تھا کہ اگر فرانسیسی مفادات کو نقصان پہنچایا گیا تو فرانس کی جانب سے ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔