فرانس کی جانب سے توہین رسالت کی مذمت

   

تعمیر ملت کا جلسہ رحمۃ للعالمین ، شیخ الاسلام علامہ طاہر القادری و دیگر علماء کا خطاب

حیدرآباد: تعمیر ملت کے زیراہتمام حیدرآباد میں منعقدہ جلسہ رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم میں فرانس کی جانب سے توہین رسالت کی مذمت کی گئی اور اس خصوص میں قرارداد منظور کی گئی۔اس قرارداد میں فرانس کے صدر کی جانب سے توہین رسالت کی حمایت اور اس کے موقف کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ساتھ ہی تعمیر ملت نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شہریت ترمیمی قانون، این پی آر اور این آر سی قوانین پر عمل آوری کو منسوخ کردے ۔ تعمیر ملت کے 71ویں جلسہ یوم رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم میں منظورہ قراردادوں میں یہ مطالبہ کیا گیا۔ یہ جلسہ آن لائن منعقد ہوا تھا۔ علامتی طور پر ریڈ روز فنکشن ہال میں شرکاء کی محدود تعداد کے ساتھ اس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ دنیا کے مختلف ممالک سے شہرہ آفاق علمائے کرام اور اکابرین ملت نے اس جلسہ سے خطاب کیا اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں پر اظہار خیال کی سعادت حاصل کی۔ جن میں شیخ الاسلام علامہ طاہر القادری بانی سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل، شیخ فخرالدین اویسی ساؤتھ افریقہ، امام عبدالقدوس الازہری آسٹریلیا، جناب آفاق الرحمن اورنگ آباد، مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ اور ڈاکٹر حافظ احسن بن محمد الحمومی خطیب شاہی مسجد باغ عامہ قابل ذکر ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ این آر سی، این پی آر اور سی اے اے کا مقصد مسلمانوں کو دوسرے درجہ کی شہری بنانا ہے یا پھر مسلم اقلیت کو اس بہانے سے شہریت سے محروم کرنا ہے ۔ یہ قوانین دستور کی دفعہ 14 کے منافی اور مفاد عامہ کے خلاف ہے ۔ تعمیر ملت کی جلسہ رحمۃ للعالمین میں قرارداد کے لئے فرانس کے صدر کی جانب سے توہین رسالت کی حمایت اور اس کے موقف کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اس کے علاوہ کرونا اور سیلاب سے ہلاک ہونے والے کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا گیا اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مہلوکین کو شہادت کا درجہ عطا کرے ۔ مجلس تعمیر ملت سے وابستہ افراد کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شیخ الاسلام علامہ طاہر القادری نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے تلقین کی کہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی نسبت کو اور بھی مضبوط کیا جائے ۔ انہوں نے عالم انسانیت میں بلاتفریق رنگ و نسل، مذہب و ملت محبت اور شفقت کا پیغام پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ علامہ طاہر القادری نے جلسہ رحمۃ للعالمینؐ کے ذریعہ سیرت طیبہؐ کے پیغام کو عام کرنے کے لئے تعمیر ملت کی 71سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی۔ آسٹریلیا سے امام عبدالقدوس ازہری نے کہا کہ آج کی تڑپتی بھٹکتی انسانیت کو اسلامی تعلیمات کی ضرورت ہے ۔ اسلام کی صحیح تصویر سے دنیا کو واقف کروائی جائے تاکہ دشمنی اور بدگمانی اور منفی خیالات کا سلسلہ ختم ہو۔ مفتی ضیاء الدین نقشبندی نے سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوؤں کو بہت ہی متاثر کن انداز میں پیش کیا اور حبیب خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کی اہمیت اور افادیت کو بیان کیا۔ امام و خطیب شاہی مسجد باغ عامہ حافظ احسن بن محمد الحمومی نے کہا کہ سماج مختلف طبقات تک موثر انداز میں اسلامی تعلیمات اور پیغام محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کو پہنچانے کی ضرورت ہے ۔ قاری محمد عظیم الدین کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ شاہ نواز ہاشمی نے حمد، راشد عبدالرزاق میمن نے نعت شریف پیش کی۔ ڈاکٹر فخرالدین محمد صدر مجلس استقبالیہ نے خطبہ پڑھا۔ جلیل احمد صدر تنظیم نے صدارتی خطبہ پڑھا۔ ڈاکٹر یوسف حامدی جنرل سکریٹری، نے تعمیر ملت کی 71سالہ تاریخ سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ ڈاکٹر محمد مشتاق علی اور جناب ضیاء الدین نیر اور جناب خلیق الرحمن شہ نشین پر موجود تھے ۔ جناب خواجہ فرید نے کاروائی چلائی۔ مولانا عبدالجلیل طارق کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔