پیرس: فرانس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ کے مظلوم شہریوں کیلئے 80 ملین یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے، ساتھ مزید21.4 ملین ڈالر کا بھی وعدہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے صدر ایمینوئل میکرون نے غزہ کیلئے ایک امدادی کانفرنس میں فرانس کی طرف سے غزہ کے شہریوں کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 80 ملین یورو کی امداد کا اعلان کیا، امریکہ اور کئی عرب ریاستوں سمیت 50 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ اسرائیلی حکام کو اس کانفرنس میں مدعو نہیں کیا گیا تھا لیکن انہیں اس کے بارے میں پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔ میکرون نے حماس کے خلاف اسرائیل کی جوابی کارروائی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی میں وقفہ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ میکرون سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں نے خوراک، پانی، صحت کی دیکھ بھال، ایندھن اور بجلی تک رسائی میں فلسطینیوں کی مدد کرنے کو اولین ترجیح قرار دیا۔