ممبئی، 7 جولائی (یو این آئی) بالی ووڈکے سینئر اداکار امیتابھ بچن فیفا ورلڈکپ 2026کے دوران فرانس کی فٹ بال ٹیم سے متعلق سوشل میڈیا پرکی گئی ایک پوسٹ کے بعد شدید تنقید اور بحث کا مرکز بن گئے ہیں۔ امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فرانس کی ابتدائی ٹیم کے نسلی پس منظر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: فرانس کی ورلڈکپ 2026 ٹیم… فرانسیسی ٹیم! 11کھلاڑیوں میں 10سیاہ فام اور ایک سفید فام! سیاہ فاموں کی طاقت۔ یہ پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا اور سوشل میڈیا پر ہزاروں صارفین نے اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ اگرچہ بعض افراد نے اسے محض ایک مشاہدہ قرار دے کر امیتابھ کا دفاع کیا، تاہم بڑی تعداد میں صارفین نے ان پر نسل کو غیر ضروری طور پر موضوع بنانے اور تمام کھلاڑیوں کی مشترکہ فرانسیسی شناخت کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا۔متعدد صارفین نے کہا کہ فرانسیسی ٹیم کے تمام کھلاڑی، خواہ ان کا نسلی یا خاندانی پس منظرکچھ بھی ہو، فرانس کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق فرانسیسی فٹ بال ٹیم طویل عرصے سے ملک کے کثیرالثقافتی معاشرے کی عکاس رہی ہے ۔کئی صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کھلاڑیوں کے جلدکے رنگ کو زیر بحث لانے کی ضرورت ہی کیا تھی، کیونکہ بین الاقوامی کھیلوں میں شناخت کی بنیاد قومیت ہونی چاہیے ، نسل نہیں۔اس تنازعہ نے ایک بار پھر عالمی فٹ بال میں نسل، نقل مکانی اور قومی شناخت سے متعلق جاری بحث کو تازہ کردیا ہے ۔ فرانس کی موجودہ ٹیم میں افریقہ، کیریبین اور یورپ سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے کھلاڑی شامل ہیں، جو ملک کی متنوع آبادی کی عکاسی کرتے ہیں۔ دریں اثناء میدان میں فرانس کی توجہ اپنی ورلڈکپ مہم پر مرکوز ہے ۔ دیدیے دیشامپ کی کوچنگ میں فرانس نے پیراگوئے کو 1-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جہاں کپتان کیلیان ایمباپے نے پنالٹی پر واحد اور فیصلہ کن گول کیا۔ اب فرانس کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں مراکش سے ہوگا۔