پیرس ۔ 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کی یونیورسٹی آف لیون میں واقع سائنس بلڈنگ میں جاری مرمتی کام کے دوران ایک زوردار دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی جس میں تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دریں اثناء فرانسیسی عہدیداروں نے بتایا کہ جمعرات کی صبح عمارت کی چھت پر زوردار دھماکہ کے بعد وہاں موجود لوگوں کا تخلیہ کروایا گیا جبکہ آتش فرو عملہ کا کہنا ہیکہ دھماکہ کے بعد لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ دریں اثناء یونیورسٹی کی جانب سے جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں وضاحت کی گئی ہیکہ تزئین نو کے کام کے دوران پے در پے کئی دھماکے ہوئے جبکہ یہ نہیں بتایا گیا کہ آخر دھماکے کی وجوہات کیا تھیں۔ یونیورسٹی نے اس بات سے انکار کیا ہیکہ یونیورسٹی کی لیاب میں کوئی کیمیکل خارج ہونے سے دھماکہ ہوا تھا۔