فرانس کے پولیس اہلکاروں کا تشدد کیخلاف مظاہرہ

   

دبئی :فرانسیسی سیکورٹی فورسیز کے ہزاروں عہدیداروں نے قانون نافذ کرنے والے اداروںکے ملازمین پر تشدد کیخلاف اپنے لئے سیاسی حمایت میں اضافہ کے مطالبہ کے ساتھ پیرس میں ایک مظاہرہ کیا ہے ۔ اس مظاہرے کا اہم نعرہ ’’تنخواہ ملازمت کیلئے ملتی ہے مرنے کیلئے نہیں ‘‘تھا ۔ فرانس کی پارلیمان کے سامنے قریب 35ہزار پولیس ملازمین نے ملکی سیکورٹی فورسیز پر ہونے والے تشدد کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ ان کی شکایت ہے کہ پولیس کے پاس کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مناسب اسلحہ یا ساز و سامان نہیں ہوتا ۔ اس کے علاوہ ڈرگ مافیا جیسے جرائم پیشہ گروہوں پر بہت کم جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ۔ رواں ماہ کے اوائل میں فرانس کے شہر اوینیوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک پولیس افسر ہلاک ہوگیا تھا ۔