پیرس ۔ 27 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام ) فرانس نے کووڈ انیس کے مریضوں پر ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکین کے استعمال کو روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔ فرانسیسی حکومت کے نئے قواعد کے مطابق ڈاکٹروں کو کووڈ انیس کے مریضوں پر مزید یہ دوا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ دو فرانسیسی مشاورتی اداروں نے کہا ہے کہ ہائیڈروکسی کلوروکین کے استعمال سے صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ کی طرح بعض عالمی رہنماؤں نے کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کیلئے ہائیڈروکسی کلوروکین کے استعمال کی حمایت کی تھی۔
امریکہ: کورونا ایک لاکھ جانیں نگل گیا
واشنگٹن ۔ 27 ۔مئی (سیاست ڈاٹ کام)امریکہ تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض سب سے زیادہ ہیں بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں اور یہ وائرس یہاں اب تک 1 لاکھ سے زائد جانیں نگل چکا ہے۔امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 572 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں ۔