فرخ نگر منڈل پرجا پریشد کے اجلاس کا انعقاد

   

عوام کو درپیش مختلف مسائل اور اُمور پر مباحث

شاد نگر۔/17 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) فرخ نگر منڈل پرجا پریشد جنرل باڈی اجلاس فرخ نگر منڈل ایم پی پی خواجہ ادریس احمد کی صدارت میں انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جنرل باڈی اجلاس میں رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف عوامی درپیش مسائل زیر غور رہے۔ منتخبہ عوامی نمائندوں نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں سے ترقیاتی کاموں کے متعلق اور عوامی مسائل پر سوالات کئے۔ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے جنرل باڈی اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے مشن بھگیرتا کے ذریعہ ہر گھر کو پانی کی سہولت مہیا کرنے عہدیداروں پر زور دیا اور جہاں کہیں پر بھی ٹینک کی ضرورت ہو فراہم کرنے پر زور دیا۔ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے کہا کہ 30 روزہ ایکشن پلان کو تمام کی جدوجہد سے کامیاب بنایا گیا۔ تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر ہر ایک مقام کو ترقی فراہم کرنے کیلئے کافی سنجیدہ ہیں۔ رکن اسمبلی انجیا یادو نے مزید کہا کہ میں خود بھی پولیوشن کے خلاف ہوں اور اس کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جانے کا تیقن دیا۔ رعیتو بندھو اسکیم کے ذریعہ کسانوں کو کافی فائدہ ہورہا ہے اور ہمارے کسان ان دنوں کافی خوش ہیں ۔ اجلاس کے دوران مغل گدہ ایم ایم ٹی سی سری سیلم نے کہا کہ مغل گدہ ایک قدیم موضع ہے اس موضع کو منڈل کا درجہ دلانے ( بنانے ) کا رکن اسمبلی سے مطالبہ کیا اور کہا کہ اس ضمن میں رکن اسمبلی خصوصی توجہ مبذول کریں تو مغل گدہ موضع منڈل میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ فرخ نگر منڈل ایم پی پی خواجہ ادریس احمد نے رکن اسمبلی انجیا یادو اور فرخ نگر منڈل ایم پی ڈی شرت بابو پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جنرل باڈی اجلاس میں اگر کوئی بھی عہدیدار غیر حاضر رہے تو ان کے خلاف ضلع کلکٹر سے شکایت کی جائے۔ موضع لنگا ریڈی گوڑہ سرپنچ راما کرشنا نے مشن بھگیرتا کے کاموں کی سُست رفتاری اور عہدیداروں کی عدم توجہ اور لاپرواہی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عہدیداروں کو توجہ دلانے کے باوجود درپیش مسئلہ پر توجہ نہیں دیئے جانے کی شکایت کی۔ جنرل باڈی اجلاس میں پہلی مرتبہ منتخبہ مارکٹ کمیٹی چیرمین شاد نگر کرشنا ریڈی کی حاضر پر فرخنگر منڈل ایم پی پی خواجہ ادریس احمد نے شال پوشی کرتے ہویء تہنیت پیش کی۔ خواجہ ادریس احمد نے کہا ٹہ جنرل باڈی اجلاس کے انعقاد کا مقصد عوامی درپیش مسائل کی یکسوئی کرنا چاہیئے۔ جنرل باڈی اجلاس میں منتخبہ سرپنچوں ، ایم پی ٹی سی ارکان، کوآپشن ممبران، مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے سرکاری عہدیداربڑی تعداد میں موجود تھے۔