جماعت اسلامی کی تقریب عید ملاپ ، محمد نصیر الدین ، مولانا محمد مہتدی، ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/30 اپریل ، (پریس نوٹ) جماعت اسلامی ہند گذشتہ پون صدی سے اس ملک میں اقامت دین کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ وابستگان جماعت کی اولین ترجیح ہمیشہ اللہ کی رضا اور آخرت کی کامیابی ہو، وہ کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے ان کی دنیاوی غرض ظاہر ہوتی ہو۔ وہ اپنے اعمال کو اللہ کے لئے خالص کریں۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد نصیر الدین جنرل سکریٹری جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے آج سید مودودیؒ لیکچر ہال ، چھتہ بازار میں تقریب عید ملاپ اور یوم تشکر کے عنوان پر جماعت اسلامی ہند چارمینار کی جانب سے منعقدہ اجتماع عام میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند کتاب و سنت کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے بندگان خدا کو خدا کے پیغام سے واقف کراتی ہے۔ اس کے لئے وہ پُرامن انداز میں اپنی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے برادران وطن کے سامنے بھی دعوت دین پیش کرتی ہے۔ ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد امیر مقامی جماعت اسلامی ہند چارمینار نے کہا کہ عید کے دن مسلمان اللہ کی کبریائی کو بلند کرتے ہوئے عید گاہ جاتے ہیں اوررب کے حضور دو رکعت نماز بطور شکرانہ ادا کرتے ہیں۔ اس دن فطرہ کے ذریعہ مفلوک الحال اور نادار لوگوں کی مدد کرنے کا حکم دیا گیا۔ عید اجتماعی فلاحی و بہبود اور سب کیلئے خوشی اور مسرت کا پیغام لاتی ہے۔ جناب سید شاہ شمس الدین قادری ناظم شعبہ تنظیم نے دستور جماعت کے حصول اول و دوم کے بنیادی نکات کی تشریح کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت اسلامی کی اساس قرآن و سنت ہے۔ جناب میر مشتاق علی اور جناب محمد مہتدی نے بھی مخاطب کیا۔ جناب محمد حامد نے نظامت کی۔