دھمکیوں کے ذریعہ رقومات کا مطالبہ، شبہ کی صورت میں 1930 پر ربط قائم کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریزروبینک آف انڈیا نے عوام کو تلبیس شخصی کے ذریعہ پارسل اسکام کے بارے میں چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔ آر بی آئی کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے اپیل جاری کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سائبر مجرمین خود کو آر بی آئی عہدیدار، بینک عہدیدار، سرکاری اداروں کے عہدیدار یا کوریئر کمپنیز کے نمائندے ظاہر کرتے ہوئے آڈیو اور ویڈیو کالس کررہے ہیں۔ ان کالس میں عوام کو قانونی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے فوری طور پر رقم منتقل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں بصورت دیگر بینک اکاؤنٹ یا ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کو بلاک کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے فرضی اور گمراہ کن کالس سے خوفزدہ نہ ہوں۔ عوام کوئی بھی شخصی تفصیلات اور دیگر اطلاعات کا تبادلہ نہ کریں۔ رقم کی ادائیگی کیلئے کسی بھی نامعلوم لنک پر کلک کرنا نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ آر بی آئی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ہمیشہ کالر کے بارے میں اطمینان حاصل کریں اور اس کی اصلیت کا پتہ چلائیں۔ کسی بھی شبہ کی صورت میں مدد کیلئے ٹول فری نمبر 1930 سے ربط قائم کریں یا cybercrime.gov.in پر شکایت کریں۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں عوام کو نامعلوم نمبرات اور مقامات سے آڈیو اور ویڈیو کالس موصول ہورہے ہیں جس میں کسی نہ کسی بہانے دھمکی دے کر بھاری رقومات حاصل کی جارہی ہیں۔ بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اکاؤنٹ سے بھاری رقم اُڑالی جارہی ہے۔1