حیدرآباد۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) پولیس نے ضلع رنگاریڈی کے عبداللہ پور میٹ علاقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو فرضی انسٹا گرام اکاؤنٹ بناتے ہوئے معصوم لڑکیوں کو قابل اعتراض مواد اور تصاویر بھیج کر انہیں بلیک میل کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق سی سنتوش کمار نے 19 سالہ لڑکی کو انسٹا گرام پر اپنے فرضی اکاؤنٹ کے ذریعہ اس سے دوستی کی اور بعد ازاں اس سے قربت حاصل کرتے ہوئے اس کی تصاویر حاصل کرلیا اور واٹس اپ پر چیاٹنگ بھی کرنے لگا۔ لڑکی کے حاصل کردہ تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اس کی بنیاد پر لڑکی سے دوبارہ رابطہ قائم کرتے ہوئے اسے بلیک میل کرنے لگا۔ سنتوش کمار کی مسلسل ہراسانی سے تنگ آکر لڑکی کے والد نے سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کرائی اور اس سلسلہ میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ تکنیکی شواہد کی بنیاد پر پولیس نے سنتوش کمار کو گرفتار کرلیا اور تحقیقات کے دوران یہ پتہ لگایا کہ وہ کئی لڑکیوں کو اپنے فرضی انسٹا گرام اکاؤنٹ سے بلیک میل کررہا تھا۔ گرفتار شخص کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔