حیدرآباد۔ فرضی انشورنس تیار کرنے والی ایک ٹولی کو پولیس سائبرآباد نے بے نقاب کردیا اور 11 افراد کو گرفتار کرلیا جو مختلف انشورنس کمپنیوں سے متعلق نقلی موٹر وہیکل انشورنس کی کاپیاں تیار کررہے تھے اور 5 تا10 ہزار روپئے میں فروخت کررہے تھے چونکہ گاڑیوں کی خرید و فروخت میں انشورنس کا ہونا لازمی ہے لہذا اس ضرورت کی آڑ میں یہ کھیل جاری تھی۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ اصل سرغنہ 30 سالہ رمیش ساکن حیات نگر ،31 سالہ سائی رام ساکن ونستھلی پورم، 40 سالہ گوردھن ساکن بی این ریڈی نگر، 40 سالہ جی رمیش ساکن کوکٹ پلی، 36 سالہ رجو ساکن کوکٹ پلی، 23 سالہ پراوین ساکن پرگتی نگر، 26 سالہ سدھیر ساکن ملک پیٹ، 30 سالہ کرشنا ساکن ملک پیٹ، 25 سالہ شنکر ساکن میڑچل، 35 سالہ جتیندر ساکن اولڈ حفیظ پیٹ، 29 سالہ روی ساکن کنڈا پور کو گرفتار کرلیا۔ اصل سرغنہ رمیش پولیشن ٹسٹنگ گاڑی کا مالک بتایا گیا ہے۔ پولیوشن کی جانچ کیلئے آنے والے شہریوں کو یہ لوگ مختلف کمپنیوں کے نقلی انشورنس حوالے کرتے تھے اور انہیں فروخت کرتے تھے۔