فرضی انشورنس ریاکٹ بے نقاب، تین افراد گرفتار

   

کمپیوٹرس، اسٹامپس اور فرضی پالیسیاں ضبط، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/5 اپریل، ( سیاست نیوز) فرضی انشورنس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے سائبرآباد پولیس نے تین ا فراد کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ٹولی کا ایک ملزم مفرور بتایا گیا ہے۔ سائبرآباد پولیس کے مطابق ایس او ٹی مادھا پور زون اور میاں پور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے حفیظ پیٹ علاقہ سے تین افراد 28 سالہ محمد سرور شریف، 62 سالہ مرزا الیاس بیگ ساکن پٹن چیرو، 46 سالہ شیخ جمیل احمد ساکن میاں پور کو گرفتار کرلیا جبکہ اظہر ساکن حفیظ پیٹ مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی اور حفیظ پیٹ کے ایک کمیونیکیشن کسٹمر کمپنی کے سرویس پوائنٹ پر دھاوا کیا گیا۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے جو نقلی انشورنس پالیسیوں کو فروخت کررہے تھے بے نقاب کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ سرور شریف نے آسان انداز میں پیسہ کمانے کی خاطر اس راستہ کو اپنایا اور فرضی انشورنس کمپنی کے سرٹیفکیٹ تیار کرتے ہوئے فروخت کرنے لگا۔ فرضی انشورنس سرٹیفکیٹ تیار کرنے کے بعد سرور شریف‘ مرزا الیاس بیگ، شیخ جمیل اور اظہر کے ذریعہ انہیں فروخت کرتا تھا۔ سرور شریف500 تا ایک ہزار روپئے میں سرٹیفکیٹ فروخت کرتا تھا جو 2000 تا 2500 روپئے میں فروخت کررہے تھے۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 116 فرضی پالیسیاں، کمپیوٹرس، اسٹامپس و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ع