حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) فرضی ایس ایس سی سرٹیفکٹ کی تیاری میں ملوث تین افراد کو ٹاسک فورس نے گر فتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ریاکٹ کا سرغنہ سنار گلی دبیر پورہ کا ساکن 45 سالہ خانگی ٹیچر محمد ابراہیم علی خان ہے، جو ساتھیوں 42 سالہ سریش کمار اور 50 سالہ پاسپورٹ ایجنٹ محمد عارف سے مل کر یہ ریاکٹ چلا رہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ابراہیم علی خان خانگی ٹیچر ہے اور آسانی سے روپئے کمانے فرضی ایس ایس سی سرٹیفکٹس تیار کرنے اور اسے خواہشمند طلبہ کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ اس نے پاسپورٹ ایجنٹ سریش کمار و محمد عارف کی مدد حاصل کی۔ ابراہیم نے پاسپورٹ درخواست گزاروں کے ایس ایس سی سرٹیکفٹس میں غلطیوں کی درستگی کے بہانے ایڈیشنل جوائنٹ سکریٹری و جوائنٹ سکریٹری کے فرضی اسٹامپس بناکر بورڈ آف سکنڈری اسکول ایجوکیشن کے اسٹامپس تیار کئے ۔ ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے مذکورہ تین افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضہ سے فرضی ایس ایس سی سرٹیفکٹس اور اس کی تیاری کیلئے استعمال کئے جانے والے کمپیوٹر ، پرنٹر اور دیگر اشیاء ضبط کرکے انہیں پولیس اسٹیشن عابڈس کے حوالے کر دیا۔