حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے فرضی ایس بی آئی کال سنٹر کو بے نقاب کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ اس 14 رکنی ٹولی کے خلاف سائبرآباد میں 14 مقدمات اور ملک بھر میں 195 مقدمات زیردوران ہیں۔ دھوکہ بازوں کی یہ ٹولی ایس بی آئی ملازمین کی آڑ میں شہریوں کو کروڑہا روپئے کا دھوکہ دیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اصل سرغنہ نکھل مدان، دپیانشو مدن، پنکی کماری، روہت ماتھر، ہنش جویرا، وکاس، سنجے کمار، پربھات کمار، ساکشم راج، ارجن کمار، سمیر مشرا ساکنان اتم نگر نئی دہلی، مرشد عالم ساکن بہار، فرحان حسین ساکن مرآباد اور گورو بھدارا ساکن اتم نگر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس خطرناک ٹولی کی گرفتاری سے بڑے پیمانے پر راحت ہوگی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ایک سال کے عرصہ میں اس ٹولی نے 33 ہزار فون کال کرتے ہوئے عوام کے کروڑہا روپئے لوٹ لئے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے خلاف 209 کیس درج ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد ہزاروں میں ہوسکتی ہیں۔ ایس بی آئی کے سیل ایجنٹس کے ذریعہ یہ لوگ ایس بی آئی کارڈ ہولڈرس کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے انھیں فون کرتے ہیں اور ان کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد انھیں دھوکہ دے کر رقم حاصل کرتے ہیں۔ سپوفائنگ اپلیکیشن کو استعمال کرتے ہوئے عوام کو جھانسہ کا شکار بنایا جارہا تھا۔ کسی بھی نمبر سے فون کرنے پر اس اپلیکیشن کی مدد سے ایس بی آئی کال سنٹر کا نمبر دیکھا جاتا ہے جس کے ذریعہ عوام کو بہ آسانی یہ ٹولی جعلسازی کا شکار بنایا کرتی تھی۔ سائبرآباد پولیس کی سائبر کرائم پولیس نے اتم نگر نئی دہلی میں دھاوا کرتے ہوئے انھیں گرفتار کرلیا۔