حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) فرضی ایجوکیشن سرٹیفکیٹ کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے کیوبر اوربس ایجوکیشن سرویس پرائیویٹ لمیٹیڈ بشیرباغ پر دھاوا کرتے ہوئے اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 30 سالہ سید نوید عرف فیصل مالک ساکن یاقوت پورہ اور 22 سالہ سید اویس علی ساکن گولی پورہ کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے فرضی ایجوکیشن سرٹیفکیٹ کو ضبط کرلیا۔ کاروبار میں نقصان کے بعد ان دونوں نے نقلی سرٹیفکیٹ فراہمی کا منصوبہ بنایا اور فرضی سرٹیفکیٹ، سیلری سلپ، میڈیکل سرٹیفکیٹ، میڈیکل فٹنس دیگر تیار کرنے لگے۔ فی امیدوار 50 تا 75 ہزار روپئے حاصل کررہے تھے۔ نوید رجوع ہونے والے امیدواروں کو بیرون ملک روانہ کرتا تھا اور برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیز میں داخلہ کی امید کرتا تھا جن کے ذریعہ یہ لوگ کمیشن حاصل کرتے تھے۔ اس کے علاوہ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے افراد کو اپنے اداروں میں ترقی حاصل کرنے کیلئے بھی ضروری فرضی دستاویزات فراہم کرتا تھا۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے ان کے قبضہ سے تلنگانہ یونیورسٹی کے بی کام، آندھراپردیش کے بی ٹیک مہاراشٹرا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سرٹیفکیٹ کے علاوہ 6 کمپیوٹر، 2 پرنٹر و اسکیانر، 4 لیاب ٹاپ، ایک رجسٹر اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا اور مزید تحقیقات کیلئے انہیں سیف آباد پولیس کے حوالے کردیا۔ع